ممبئی، 15؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ریزرو بینک کے سابق گورنر سبا راؤ نے سابقہ حکومت میں اپنے آقاؤں پرسخت تبصرہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سابق وزراء خزانہ پی چدمبرم اور پرنب مکھرجی نے سینٹرل بینک کے کام کاج میں خاص طور پر سود کی شرح طے کرنے کے معاملے میں مداخلت کی تھی اور اس معاملے پر اختلافات کی وجہ سے 2 ڈپٹی گورنروں کو ملازمت میں توسیع بھی نہیں ملی ۔سبا راؤ نے اپنی کتاب میں لکھاکہ چدمبرم اور پرنب مکھرجی دونوں ریزرو بینک کی اونچی سود کی شرح کی پالیسی سے چڑھے ہوئے تھے کیونکہ ان کاماننا تھا کہ سود کی اونچی شرح سے سرمایہ کاری متاثر ہونے کی وجہ سے نموپر اثر پڑرہا ہے ۔سبا راؤ عالمی مالیاتی بحران کے دوران ریزرو بینک کے سربراہ تھے اور وہ 5 ؍ستمبر 2008سے 4 ؍ستمبر 2013تک اس عہدے پر رہے۔انہوں نے یہ دعویٰ اپنی352صفحات کی کتاب ’ہو مووڈ مائی انٹریسٹ ریٹسں-لیڈنگ دی ریزرو بینک آف انڈیاتھروفائیوٹربیویولنٹ ایئرس‘میں کیا ہے جو آج مارکیٹ میں آ رہی ہے۔سابق گورنر سبا راؤ کی یہ کتاب ریزرو بینک کے موجودہ گورنررگھو رام راجن کی طرف سے بینک میں گورنر کے عہدے پر دوسری میعاد قبول کرنے سے انکار کرنے کے ایک مہینے کے بعد مارکیٹ میں آرہی ہے۔راجن نے ان اوپر کئے گئے ذاتی حملوں کے بعد دوسری میعاد قبول کرنے سے صاف انکار کر دیاہے ۔سبا راؤ کی کتاب میں یہ بتایا گیا ہے کہ کس طرح چدمبرم اور مکھرجی نے وزیر خزانہ کے طور پر سینٹرل بینک میں اپنی وزارت کے دوران پالیسی ساز شرح پر فیصلوں کے سلسلے میں آر بی آئی کے ساتھ اختلافات کے سلسلے میں عوامی سطح پر بحث کی تھی۔لیمن برادرس بحران کے بعد سے بحران سے بھرے پانچ سال کے دوران آر بی آئی کی قیادت کرنے والے سبا راؤ کے مطابق چدمبرم اور مکھرجی کی جانب سے نہ صرف ان کے اوپر سود کی شرح کم کرنے کا دباؤ تھا بلکہ ایسا نہ کرنے کی انہیں بھاری قیمت ادا کرنی پڑی۔